Header Ads Widget

اس ہوٹل میں کمرہ لینا کسی کے بس کی بات نہیں! وجہ جانتے ہیں؟

ہوٹل میں سیاح یا مسافر عارضی قیام کرتے ہیں لیکن آسٹریلیا میں ایک ایسا ’’ہوٹل‘‘ ہے جہاں کمرہ لینا یا قیام کرنا کسی کے بس کی بات نہیں۔

انسان کہیں سیاحت کے لیے جائے یا دور دراز علاقے کا سفر اختیار کرے جہاں اسے قیام کرنے کی ضرورت ہو تو وہ کسی ہوٹل کا رخ کرتا ہے اور اپنی پسند کے ہوٹل میں کمرہ بک کراتا اور جتنے دن اسے رکنا ہو وہاں طے شدہ کرایہ ادا کرکے قیام کرتا ہے لیکن آسٹریلیا میں ایک ایسا ’’ہوٹل‘‘ بھی ہے جہاں کمرہ لینا یا قیام کرنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔

اگر آپ آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ میں ہیں اور اس کے درالحکومت میلبرن سے باہر نکلیں تو موٹر وے کے کنارے آپ کو ایک مستطیل نما عمارت نظر آئے گی۔ یہ اس جگہ واحد عمارت ہے اور اردگرد کوئی دوسری چھوٹی بڑی تعمیر نہیں ہے۔ اس عمارت کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ کوئی ہوٹل ہے اور اس خیال کو اس عمارت کے اوپر بڑے انگریزی حروف تہجی میں نمایاں طور پر HOTEL لکھا ہوا دیکھ کر تقویت ملتی ہے۔

تاہم اگر آپ واقعی سیاح یا مسافر ہیں اور قیام کی غرض سے اس عمارت کا رخ کریں گے تو آپ چاہے کتنا ہی زور کیوں نہ لگا لیں آپ کو نہ وہاں کمرہ کرائے پر ملے گا اور نہ ہی قیام کی اجازت کیونکہ وہ عمارت کوئی ہوٹل نہیں بلکہ آرٹ کا نمونہ ہے جس کو آرٹسٹ کیلم مورٹن نے ڈیزائن کیا ہے۔

مذکورہ عمارت کی تعمیر 2007 میں مکمل ہوئی۔ موٹروے سے گاڑیوں میں گزرتے ہوئے مسافرعمارت اوراس پر لکھا نام دیکھ کراسے ہوٹل ہی سمجھ بیٹھتے ہیں۔ رات کے وقت عمارت کی کچھ کھڑکیوں میں روشنی بھی نظر آتی ہے جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ ان کمروں میں مسافر مقیم ہیں لیکن اس عمارت میں سرے سے کوئی کمرہ نہیں ہے، کیونکہ عمارت بس آرٹ کا ایک نمونہ ہے۔

اس عمارت کا پورا نام ’’ہوٹل ایسٹ لنک‘‘ ہے۔ جب سے یہ عمارت مکمل ہوئی ہے تب سے متعدد بار ایسے واقعات ہوچکے ہیں کہ ہائی وے پر سفر کرنے والے ہوٹل میں قیام کے لیے اپنی گاڑیوں کا رخ اس عمارت کی طرف کرتے ہیں لیکن وہاں جاکر رکتے ہیں تو کسی کو وہاں نہ پاکر حیران وپریشان واپس لوٹ جاتے ہیں۔

عمارت کی حقیقت انہی مسافروں پر کھلتی ہے جو تجسس کے ہاتھوں مجبور ہوکر یا پھر واقعی قیام کی غرض سے اس ہوٹل کا رخ کرتے ہیں۔ تاہم تھوڑا سا غور کرنے پر وہ جان سکتے ہیں کہ اس عمارت کی ساخت بالخصوص گراؤنڈ فلور کی ساخت ہوٹلوں والی نہیں ہے۔

اس کے باوجود لوگوں کے ذہنوں میں یہ سوال ضرور جنم لیتا ہے کہ یہ عمارت ویرانے میں کیوں کھڑی ہے جہاں آس پاس کوئی دوسری عمارت بھی نہیں ہے تاہم اب تک کسی کو اس کا جواب نہیں مل سکا ہے۔



from ARYNews.tv | Urdu – Har Lamha Bakhabar https://ift.tt/CxQ7md2

Post a Comment

0 Comments